تحریر : عمران زیب

یہاں کچھ خوبصورت نکات ہیں جو آپ کا بہت سا قیمتی وقت اور پریشانی سے بچا سکتے ہیں۔ ان میں سے زیادہ تر طریقے براہ راست قیمتی اشیاء یا مقدس کتابوں پر ورق لگانے پر لاگو ہوتے ہیں، لیکن آپ بہت آسانی سے پینٹنگز پر بھی ورق لگا سکتے ہیں۔
1: پینٹ کرنے سے پہلے یا خاص طور پر پینٹنگ یا خطاطی مکمل کرنے کے بعد سونے کا ورق (Gold leaf) لگائیں ۔

2: سونے کا ورق(Gold Leaf), اصلی سونے کا بھی آتا ہے اور مصنوعی سونے کا بھی, ظاہر سی بات ہے اصلی سونے کا ورق زیادہ مہنگا ہوتا ہے, یہ آپ کی جیب اور آپ کے کام پر منحصر ہے کہ آپ کون سا گولڈ لیف لیتے ہیں,خبردار ہمارے ہاں گولڈ لیف سگریٹ بھی آتا ہے, اس سے دور رہنا ۔

3: سونے کے ورق چھوٹے سائز تقریبا” 5×5 انچ کی متعدد شیٹس میں آتے ہیں, ہر ورق کے بیچ میں ٹیشو پیپر جیسا ہلکا کاغذ ہوتا ہے, ایک وقت تھا جب سستا زمانہ تھا تو کھانے کی چیزوں مثلا” مٹھائیوں اور میٹھی ڈیشز پر سونے اور چاندی کا ورق لگایا جاتا تھا جسے کھایا بھی جاسکتا تھا۔

4: جس بھی روم یا اسٹوڈیو میں آپ ورق لگائیں اسکا پنکھا بند کردیں اور کھڑکی بھی کام کرتے وقت بند کردیں تاکہ تیز ہوا اندر نہ آئے, کیونکہ سونے کا ورق بہت ہی نازک ہوتا ہے بلکل باریک ہوا کی طرح , ورق لگانے میں پریشانی ہوگی اور ورق اڑ بھی سکتا ہے ۔
5: گھسائی, رگڑائی, دمکانے(burnishing) کے لئیے اسکے اوزار(صقال گر) آتے ہیں, پر آپ ململ کا کپڑا استعمال کرسکتے ہیں ۔

6: باہر ممالک میں ورق لگانے کا گوند آتا ہے, لیکن آپ اچھا جیسو بھی استعمال کرسکتے ہیں۔ ورق میں الٹا, سیدھا نہیں ہوتا, آپ اس کو کسی بھی طرف سے لگا سکتے ہیں ۔

7: پورے سطح پر جیسو (Gesso) لگانے سے پہلے ہمیشہ ایک چھوٹے ٹیسٹ پیس پر جیسو لگائیں۔ جیسو کا ایک ہی حجم مختلف موسمی حالات میں مختلف طریقے سے کام کرے گا۔ بعض دفعہ جیسو میں تھوڑا سا گیلا پلاستر یا بلکل تھوڑی سی چینی ملانے سے جیسو اچھا کام کرتا ہے ۔

8: جس جگہ پر آپ گولڈ کا ورق لگانا چاہتے ہیں اس کے بیچ میں سے لیپ لگانا شروع کریں پھر اسے برش سے کھینچ کر کونوں اور کناروں تک لے جائیں۔ جیسو کا ایک ہموار، یکساں اطلاق بہت سارے کام کو ہموار گھسنے اور چمکانے سے بچائے گا۔

9: جیسو لگانے کے بعد, تھوڑا اسے خشک ہونے دیں اتنا کہ اسے ہاتھ سے چیک کریں تو اس میں چپکن جیسی ہو, اب اپنے ہاتھوں کو اچھی طرح صاف کریں ان پر بلکل گوند لگا نہ ہو ۔

10: اب مشکل مرحلہ ورق کو کیسے اٹھا کر لگائیں, اس کا ایک طریقہ یہ بھی ہے کہ ورق سے دوگنے سائز کی ویکس پیپر کی شیٹ لیں پھر اسے ورق پر رکھ کر ہاتھ سے پریس کریں, ورق اس شیٹ پر چپک جائے گا, اب اس ورق کو جس جگہ لگانا ہے وہاں پر رکھ کر ورق پر پریس کریں ورق جیسو پر چپک جائے گا, اب آپ ویکس پیپر کو اپر اٹھا لیں, دوسرا طریقہ سادہ سا ڈائریکٹ ورق اٹھا کر قینچی سے کاٹ کر لگا لیں ۔

11: خشک برسٹل برش سے اضافی ورق کو پیار سے ہٹائیں, ورق لگ جانے اور سوکھنے کے بعد اسکو صقال گر (burnisher) سے چمکائیں, اگر صقال گر نہیں ہے تو ورق کے اوپر ویکس پیپر رکھ کر ململ کے کپڑے سے ہلکے ہلکے رگڑیں ۔

12: صقال گر (burnisher) (چمکانے,دمکانے کا اوزار) استعمال کرتے وقت کاغذ کا ایک ٹکڑا ان جگہوں کے پاس رکھیں جہاں آپ سونے کو دمکانے کا کام کر رہے ہیں۔ ہلکے ہاتھ سے دمکانے سے سطح پر سے فالتو ذرات نکلتے جائیں گے۔ اور وہ کاغذ پر جمع ہوجائیں گے ان ٹکڑوں اور ذرات کو ایک جار میں سنبھال لیں ۔

13: اگر آپ کو کاغذ کے ریشوں میں جیسو کے ذرات ملتے ہیں، تو ربر (erasure) بغیر کسی پریشانی کے انھیں ہٹا دیتا ہے ۔

14: سونے کے ورق کو اس جگہ سے تھوڑا بڑے کاٹیں جہاں آپ کو ورق لگانا ہے۔ اگر آپ کنجوسی کرتے ہوئے شروع میں ورق کم کاٹیں گے تو اس کی کمی کو پورا کرنے کے لئے آپ کہیں زیادہ سونا ضائع کر دیں گے جو آپ چھوٹے چھوٹے ٹکڑوں کو ایک ساتھ ملانے کی کوشش کرتے ہوئے ملائیں گے۔
ہاں اگر کہیں تھوڑی جگہ رہ جاتی ہے تو سونے کے چھوٹے ٹکڑوں سے چھوٹی جگہ کی مرمت کی جا سکتی ہے۔

15: یہاں چمٹی کا استعمال کرنا تھوڑا مشکل ہوتا ہے۔ بہتر یہ ہے کہ خشک پینٹ برش کو اپنے بالوں پر رگڑیں جس سے مقناطیسی حرارت پیدا ہوگی اس سے آپ سونے کے ایک چھوٹے سے ٹکڑے کو بھی آرام سے اٹھاسکتے ہیں۔

16: سونے کے ورق کے بچے ہوئے تمام چھوٹے چھوٹےٹکڑوں کو محفوظ کریں جنہیں آپ نے برش سے جمع کیا ہے۔ آپ ان سے اپنا سونے کا ورق بنا سکتے ہیں۔ سونے کے ٹکروں اور زرات کو تھوڑے سے نمک اور شہد کے ساتھ ملائیں۔ ہون دستے سے اچھی طرح پیس لیں۔ سونے کا مرکب تھوڑا سا سرسوں جیسا نظر آئے گا۔ اس مرکب میں تھوڑا سا فلٹر پانی شامل کریں اور صاف جار یا ٹیسٹ ٹیوب میں ڈالیں۔ جب سارا سونا ایک جگہ ٹہر جائے تو زیادہ تر پانی کو ڈراپر سے نکال دیں۔ اس میں مزید صاف پانی شامل کریں، ہلائیں اور دہرائیں۔ ایسا کئی بار کریں پھر پانی چکھیں۔ اگر یہ نمکین یا میٹھا نہیں ہے، تو آپ سونے کو روغن میں تبدیل کر چکے ہیں۔ زیادہ تر پانی نکالیں اور سونے کے روغن کو ایک ٹیوب میں ڈالیں۔ اس میں کیکر کے گوند کے چند قطرے ملا کر خشک ہونے دیں۔ اسے پھر اس وقت تک اسٹور کریں جب تک کہ آپ اسے استعمال نہیں کرنا چاہتے۔

17: آجکل آئل کلرز اور ایکریلک کلرز میں بھی گولڈن, سلور اور برونز معدنی(metallic) کلرز وغیرہ آرہے ہیں پر جو بات ورق لگانے میں ہے وہ پینٹ میں نہیں آسکتی, پینٹ فلیٹ لگتا ہے پر ورق اچھا ٹیکسچر اور چمک دیتا ہے ۔ ایک دفعہ آزما کر دیکھیں ۔ امید ہے نکات آپ کے کام آئیں گے ۔

تحریر : عمران زیب

***